انتشار بڑھنے پر پنجاب میں گورنرراج کا آپشن مو جود ہے 


لاہور؍ کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں  جذبہ حریت بیدار کیا اور ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے اور خاص طور پر نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ علامہ اقبال مسلمان نوجوانوں کو شاہین کی طرح خوددار دیکھنا چاہتے تھے۔ علامہ اقبال کے فلسفے کو سمجھ کر ہم ایک ایسا پاکستان بنا سکتے ہیں جس کا خواب شاعر مشرق علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبال کے فرمودات سے ہمیں اسلام کا حقیقی پیغام سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے سکھ برادری کو بابا گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ اگر انتشار بڑھتا ہے تو پنجاب میں گورنر راج لگانے کا آئینی آپشن موجود ہے۔ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان میں تاجر و صنعتکاروں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت سے گورنر ہاؤس پر حملے کی تحریری شکایت بھی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی آئینی مدت 18اگست 2023ء کو پوری ہوگی جس کے بعد دو سے تین ماہ میں انتخابات کرانے ہیں۔ وقت  مقررہ پر الیکشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر ایک کا کردار سب کے سامنے ہے۔

ای پیپر دی نیشن