لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مونس الٰہی، عمر ایوب، حسین الٰہی نے شرکت کی۔ جمعرات سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لانگ مارچ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو وزیرآباد سے راولپنڈی تک ہر شہر میں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے اور لانگ مارچ کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ وزیر آباد سے راولپنڈی تک لانگ مارچ کے روٹ پر 15ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ پولیس کنٹرول روم 24گھنٹے فعال انداز میں فرائض سرانجام دے اور لانگ مارچ کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے اور لانگ مارچ کے گرد 2درجاتی سکیورٹی حصار بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور لانگ مارچ کے شرکاء کی فول پروف سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور بلٹ پروف شیشے کا استعمال یقینی بنایا جائے اور نیا بلٹ پروف کنٹینر تیار کیا جائے، پنجاب حکومت ہر ممکن معاونت کرے گی۔ ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ہر ضلع میں پولیس اور انتظامیہ کے آفیسرز کو کوآرڈینیشن کیلئے مامور کیا جائے اور راولپنڈی میں دیگر اضلاع سے پولیس کی اضافی نفری منگوائی جائے۔ حافظ آباد میں عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس فورس میری ٹیم ہے، ان کی قربانیاں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ میں نے اپنی تقریر میں محکمہ پولیس پر تنقید نہیں کی بلکہ فر د واحد پر تحفظات کا اظہار کیا۔ میری تقریر کو غلط رنگ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ درج ہونے والی ایف آئی آر کو ہر ایک نے مسترد کردیا ہے۔ کچھ عناصر ہمارے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ یہ مارچ ہو۔ اسد عمر نے کہا کہ پولیس نے لانگ مارچ کے دوران بہترین سکیورٹی دی۔ وزیراعلیٰ آفس میں بابا گرو نانک کے جنم دن کے حوالے سے خصوصی تقریب میں پرویز الٰہی نے سکھ برادری اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ پرویز الٰہی نے بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی مناسبت سے سکھ کمیونٹی کی بہبود کیلئے 3 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ سکھ برادری کے سپیشل افراد، یتیم بچوں، بیواؤں اور بیماروں کے علاج کیلئے تقریباً 10 ہزار روپے فی کس امدادی فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ اقلیتوں کو جو حقو ق حاصل ہیں اور رواداری کا جو ماحول یہاں ہے، بھارت میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اقلیتی برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بھرپور مواقع میسر ہیں۔ پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں انجینئرنگ یونیورسٹیز اور ٹیکنالوجی کالجز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹس کی فیزیبلٹی رپورٹس مینجمنٹ اور فنانشل کنسلٹینسی کے لئے مقامی یونیورسٹیز سے رجوع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیزیبلٹی رپورٹس اور کنسلٹینسی کیلئے مقامی یونیورسٹیزکے پروفیشنل اساتذہ اور طلبہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مقامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے سے قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور کنسلٹینسی فراہم کرنے سے طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحتیں اجاگر ہوں گی۔ پرویز الٰہی نے شاعر مشرق، علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب اور اہل پنجاب مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی فکری رہنمائی کا قابل قدر فریضہ سر انجام دیا۔ اپنی شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کا شعور دیا۔
لانگ مارچ کی فول پروف سکیورٹی پر کو ئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا : پرویز الہی
Nov 09, 2022