علامہ اقبال عظیم شاعر،  دانشور،مفکر اور عہد ساز انسان  تھے: زاہدالراشدی 


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) جمیعت اہلسنت والجماعت حنفی دیوبندی (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام عقیدہ ختم نبوتؐ  اورعلامہ اقبال کے زیر عنوان تقریب جامع مسجد ختم نبوت ابوبکر ٹائون میں منعقد ہوئی ،تقریب سے مولانا علامہ زاہدالراشدی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے شہرئہ آفاق دانشور، عظیم روحانی شاعر، اعلی درجہ کے مفکر اور بلند پایہ فلسفی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عہد ساز انسان بھی تھے۔ ایسی زندہ و جاوید ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا دل ملتِ اسلامیہ کے لیے دھڑکتا تھا۔ انہوں نے تیزی سے پستی میں گرتے عالم اسلام کے تن میں نئی روح پھونکی اور اسے انقلاب کی راہ دکھائی۔علامہ اقبال کے حوالے سے یہ حقیقت بھی پیش نظر رہے کہ وہ انسانی خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ اعلی تعلیم یافتہ،نابغہ روزگار اور راسخ العقیدہ مسلمان تھے۔ جہاں تک قادیانیت کا تعلق ہے تو اس حوالے سے تو وہ محرمِ رازِ درون خانہ تھے۔ انہوں نے انتہائی زیرکی اور ژرف نگاہی سے اس اہم مسئلے کا جائزہ لیا اور اپنے تاثرات امت مسلمہ کے سامنے واضح انداز میں پیش کر دیے۔عاشق رسول علامہ اقبال کو اس بات پر کامل ایقان تھا کہ حضرت محمد عربیؐ کی ذاتِ اقدس پر رسالت و نبوت کا سلسلہ ختم ہوگیا ۔ وہ سمجھتے تھے کہ ختم نبوت اسلام کا متفقہ، اساسی اور اہم ترین بنیادی عقیدہ ہے۔ مولانا عبدالواحد رسولنگری نے کہا کہ یہ ایک ایسا عقیدہ ہے جو پوری امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی، وحدت، استحکام اور سالمیت کا آئینہ دار ہے۔ تقریب میں مولانا عبیداللہ عامر،مولانا حافظ گلزار احمد آزاد،مولانا امجد محمود معاویہ،قاری ریاض انصاری،حافظ عبدالجبار،مولانا قام قاسمی،مولانا احسان اللہ قاسمی سمیت علماء کرام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن