بورے والا(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وہاڑی عاقل حسن چوہان نے کہا ہے وکلاء کی طرف سے مجھے ہمیشہ ٹھنڈی ہوا ہی آئی ہے، بار اور بنچ کی گاڑی میں مرکزی کردار وکلاء کا ہے اور وکلاء پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں ہمیں اپنی غلطیوں کو دوسروں پر ڈالنے کی بجائے اپنی اصلاح کرنی چاہیئے اپنی مشترکہ عزت اور اسکے وقار میں اضافہ کے لئے بار اور بنچ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیئں مظلوم انصاف کے حصول کے لئے وکلاء اور بنچ کا مرہون منت ہوتا ہے اس لیے دونوں کو انصاف کی فراہمی میں پوری دیانتداری سے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیئں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بار روم بورے والا بار کی طرف سے انکی دوبارہ تعیناتی پر دیئے گئے استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت صدر بار چوہدری محمد صدیق نے کی، تقریب سے خطاب میں صدر بار چوہدری محمد صدیق نے کہا کہ بورے والا بار رومز،دفاتر،لائبریری اور کنٹین کو 92 لاکھ روپے کی لاگت سے سولر سسٹم فراہم کیا جارہا ہے اس سال مجموعی طور پر بار روم سمیت وکلاء کو مختلف بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک کروڑ 27 لاکھ کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں تقریب سے ایڈیشنل سیشن جج یونس عزیز،صدر ڈسٹرکٹ بار بابر منظور دوگل،سیکرٹری میلسی بار چوہدری ممتاز حسین،سابق صوبائی وزیر چوہدری محمود اختر گھمن اور محمد جاوید شاہین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر مقامی ایم پی اے ممبر بار سردار خالد محمود ڈوگر،ایڈیشنل سیشن ججز،سینئر سول جج،سول ججز اور بار کے ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی دریں اثناء سیشن جج وہاڑی نے مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔