ملتان( خصوصی رپورٹر) سکولز اولمپکس، ملک بھر سے 1900کھلاڑیوں کی تمغوں کے حصول کے لیے "جنگ" شروع ہوگئی۔ ہاکی، فٹ بال ، والی بال، ٹیبل ٹینس ، بیڈ منٹن اور اتھلیٹیکس کے مقابلوں میں کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام 5 روزہ سکولز اولمپکس کا باقاعدہ افتتاح قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب طفر، کمشنر ملتان اشفاق چوہدری، سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو، ممبران صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی اور مخدوم رضا بخاری بھی ہمراہ تھے۔افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ڈاکٹر عظمی قریشی، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی اور برٹش ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری جام آفتاب محکمہ تعلیم کے افسران، معززین شہر اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے موقع پرسکولز اولمپکس میں شریک کھلاڑیوں کے مختلف دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ، معزز مہمانوں کو سلامی دی اور اولمپکس مشعل بھی روشن کی گئی۔ گیمز کے پہلے روز ملتان ہاکی سٹیڈیم میں ہاکی کے مقابلوں میں وہاڑی، لودھراں، رحیم یار خان اور مظفرگڑھ کی بوائز و گرلز ٹیموں کے مابین میچز کھیلے گئے۔ بوائز کیٹیگری میں وہاڑی نے لودھراں ، رحیم یار خان نے مظفرگڑھ کو شکست دے دی۔ گرلز کیٹیگری میں وہاڑی نے لودھراں کو ہرایا، مظفرگڑھ اور رحیم یار خان کے مابین میچ ڈرا ہو گیا۔ ڈو یژنل سپورٹس گراؤنڈ میں فٹ بال کے بوائز مقابلوں میں ملتان نے خانیوال، وہاڑی نے بہاول پور ، لودھراں نے راجن پور،بہاول نگر نے لیہ کو شکست دی۔ گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائیر سکینڈری سکول میں والی بال کے مقابلوں میں لڑکیوں کی ٹیموں کے مابین مقابلوں میں مظفر گڑھ اور لیہ کے درمیان میچ کھیلا گیا جو لیہ نے جیت لیا، رحیم یار خان اور ڈیرہ کے مقابلے میں رحیم یار خان کی ٹیم کامیاب رہی، ڈیرہ نے راجن پور، خانیوال نے لودھراں کو شکست دے کر میچز جیتے۔ والی بال کے کھیل میں بوائز ٹیموں کے مابین ہونے والے مقابلہ جات میں لیہ نے مظفرگڑھ، اور رحیم یار خان نے ڈیرہ کو شکست دے دی، ڈیرہ نے راجن پور جب کہ خانیوال نے لودھراں کو شکست دے دی۔ یہ میچ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آفس میں کھیلے گئے۔ سپورٹس جمنازیم میں بوائز کیٹیگری میں بیڈ منٹن کے مقابلوں میں بہاول نگر نے مظفرگڑھ، وہاڑی نے خانیوال، ملتان نے ڈیرہ ، لودھراں نے راجن پور، رحیم یار خان نے مظفر گڑھ، وہاڑی نے لیہ، بہاول پور نے ڈیرہ جب کہ لودھراں نے گلگت بلتستان کو شکست دے دی۔ گرلز کیٹیگری کے مقابلہ جات میں بہاول نگر نے مظفر گڑھ، خانیوال نے وہاڑی، ملتان نے ڈیرہ اور لودھراں کی گرلز ٹیم نے راجن پور کو شکست دی۔ رحیم یار خان نے مظفرگڑھ، وہاڑی نے لیہ، بہاول پور نے ڈیرہ اور لودھراں کی گرلز ٹیموں نے گلگت بلتستان کو شکست دے کر میچز جیت لیے۔ بوائز یٹیگری میں ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں بہاول نگر نے مظفر گڑھ، وہاڑی نے خانیوال، ملتان نے ڈیرہ ، راجن پور نے لودھراں، مظفر گڑھ نے رحیم یار خان، وہاڑی نے لیہ، بہاول پور نے ڈیرہ اور گلگت بلتستان نے لودھراں کو شکست دے دی، گرلز کیٹیگری میں بہاول نگر کی ٹیم نے مظفر گڑھ، خانیوال نے وہاڑی، ملتان نے ڈیرہ اور لودھراں نے راجن پور کو ہرا دیا جب کہ رحیم یار خان نے مظفر گڑھ، وہاڑی نے لیہ، بہاول پور نے ڈیرہ اور لودھراں نے گلگت بلتستان کو شکست دے دی۔ مقابلے 12 نومبر تک جاری رہیں گے۔
سکولز اولمپکس