آواران(این این آئی)ڈپٹی کمشنر آواران جمعدادخان مندوخیل نے کہاہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر لانا اور عوام کو سستی اشیاءکی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال اور اشیا ءکی قیمتوں کی مانیٹرنگ کا عمل شروع کیا جارہاہے۔ مہنگی اشیاءفروخت کرنے والے دکانداروں کی حوصلہ شکنی کرکے عوام کو ہر صورت میں ریلیف فراہم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پر ائس کنٹرول کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکمہ اور تاجر برادری کے نمائندے بھی شریک تھے۔اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے دائرہ کار اوراس کو فعال بنانے کےلئے ڈپٹی کمشنر آواران نے شرکاءسے تجاویز طلب کیں۔ اجلاس میں شرکاءنے اشیاءکی قیمتوں کو کنٹرول میں لانے کے حوالے سے اپنی رائے سے ڈپٹی کمشنر آواران کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آواران جمعداد مندوخیل کا کہنا تھاکہ مقرر کردہ نرخنامہ پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف ہر صورت میں کاروائی ہوگی منافعہ کی لالچ میں آکر دکاندار شہریوں پر چیزیں مہنگی قیمتوں پر فروخت کرتے ہیں اس عمل کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائیگی ۔اس سلسلے میں پرائس کنٹرول کمیٹی بازار کاوقتافوقتاً دورہ کرکے گوشت،سبزی، فروٹ سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں کا جائزہ لے گی۔