فیول ایڈجسٹمنٹ: بجلی 40پیسے یونٹ مہنگی، گیس قیمتوں میں 172فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

Nov 09, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کیلئے بجلی 40 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کی گئی ہے۔ نیپرا کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ، بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں نومبر کے بلوں میں کی جائیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔اس سے قبل اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔اوگرا کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے قیمت نہیں بڑھائی گئی البتہ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکس چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس کی قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری، بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی ہو گئی، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا، نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کےلیے نرخوں میں سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں