لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ نوجوان پولیس افسران تعیناتی کے دوران فیلڈپولیسنگ کے تقاضوں سے خود کو احسن طور پر ہم آہنگ کریں اور تعیناتی کے اضلاع میں آپریشنل، انویسٹی گیشن اور انتظامی امور کو لیڈرشپ خصوصیات کے ساتھ سر انجام دیں۔کیرئیر کے آغاز میں مشکل پوسٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ فیلڈ تجربات کی روشنی میں کیرئیر کے آنے والے نشیب و فراز کیلئے خود کو بہتر طور پر تیار کرسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، چوکیوں، ناکوں، خدمت مراکز پر تعینات عملے کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کریں، شہریوں کے مسائل سنیں،انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ نوجوان افسران انویسٹی گیشن امور پر بطور خاص توجہ دیں، پروفیشنل آفیسر کے طور پر اپنی پہچان بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات اور پولیس خدمات کی آگاہی مہم کو موثر سپرویژن سے مزید بہتر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کے دوران نئے تعینات ہونے والے ایس ڈی پی اوز کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔لاہور پولیس کے ترقی پانے والے 50ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے رینک لگانے سے قبل منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقی ہر افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے جو انہیں بلا تاخیر دیا جارہا ہے۔ نہ ترقی درحقیقت پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے لہذا ترقی پانے والے افسران و اہلکار پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں۔ محکمانہ ترقی کا فائدہ پہلے سے زیادہ اچھی پرفارمنس کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔ صوبائی دارالحکومت سے منظم جرائم اور منشیات کی برائی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔