کراچی(کامرس رپورٹر)نیویارک سٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس نے کراچی کو پاکستان کا نیویارک قرار دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی طرح نیویارک بھی دوسری اسٹیٹس کو سپورٹ کرتا ہے اور باقی تمام ایریاز کے خسارے کو پورا کرتا ہے لیکن دوسری اسٹیٹس کے مقابلے میں نیویارک کو کم ہی دیا جاتا ہے جو نیویارک کے ساتھ کراچی کی مماثلت ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نیویارک کے وفد کے ہمراہ اپنے دورے کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی آکر وہ یہ ماڈل دکھانا چاہتے تھے کہ نیویارک اسٹیٹ کراچی کے ساتھ مل کر کیا کچھ کرسکتی ہے ۔اور اپنے عملے اور کے سی سی آئی کے درمیان ٹاسک فورس کے قیام کے علاوہ سسٹرز اسٹیٹس کی تشکیل کے نظریے کا بھی تبادلہ کیا جا سکے تاکہ باہمی معاہدوں کے شعبوں کو مشترکہ طور پر تلاش کرسکیں۔اجلاس میں بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین ہارون فاروقی اور انجم نثار، صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر کے سی سی آئی الطاف اے غفار، نائب صدر کے سی سی آئی تنویر احمد باری اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔صدر کے سی سی آئی نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی اور امریکہ پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کے بورڈ ممبران کو پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا۔صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ نے امید ظاہر کی کہ سندھ اور نیویارک بطور سسٹر اسٹیٹس تجارتی سرمایہ کاری، تعلیم اور ماحولیات کے اہم شعبوں میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کو آگے بڑھانے کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کریں گے۔