واشنگٹن (این این آئی) امریکی ایوان نمائندگان میں اسرائیلی بربریت کا پردہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے والی واحد فلسطینی نژاد رہنما راشدہ طلیب کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ راشدہ طلیب نے اسرائیل کیلئے امریکی حمایت اور غزہ پر اسرائیلی بمباری پر تنقید کی تھی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق راشدہ طلیب کے بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد کے حق میں 234 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 188 ارکان کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی۔4 ری پبلکنز نے بھی قرارداد کیخلاف ووٹ دیا جبکہ 3 ڈیموکریٹس اور ایک ری پبلکن رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ راشدہ طلیب کا ایوان میں خطاب کرتے کہنا تھا میں کانگریس میں موجود واحد فلسطینی امریکی ہوں، میرے نقطہ نظر کی یہاں پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، مجھے خاموش نہیں کرایا جا سکتا، میں کسی کو بھی اپنے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش نہیں کرنے دوں گی۔
اسرائیلی بربریت بے نقاب کرنے کی”سزا“ امریکی ایوان نمائندگان نے اپنی ہی رکن کیخلاف قرارداد منظور کرلی
Nov 09, 2023