اسلام آ باد (خبر نگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر زیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سپل وے اور ڈائی ورشن ٹنلز سمیت پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس وقت ان سائٹس پر کھدائی، مضبوطی اور کنکریٹ کا کام بیک وقت جاری ہے۔ چیئرمین نے اپنے دورے میں مہمند ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی۔ جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ، سنیئر آفیسرز کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔ چیئرمین واپڈا کو ریور ڈائی ورشن ٹنلز، سپل وے کی کھدائی اور کنکریٹنگ، پراجیکٹ کالونی اور پراجیکٹ ایریا میں سڑکوں کی تعمیرسے متعلق بتایا گیا۔ اجلاس میں مین ڈیم کی تعمیر کے لیے درکار میٹریل کی دستیابی کی غرض سے کیے گئے اقدامات، عارضی (Starter) ڈیم کے ڈیزائن اور ریور ڈائی ورشن کی ٹائم لائنز کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ ڈائی ورشن سسٹم کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔ ڈائی ورشن سسٹم کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کٹریکٹر کو ہدایت کی کہ دریائے سوات کی ڈائی ورشن، پانی کے کم بہاو¿ (Low flow season) کے موجودہ موسم کے دوران یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے درکار اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مہمند ڈیم کی تکمیل 2026ءمیں شیڈول ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے۔