صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ ولادتِ اقبال پر مصورِ پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کو ان کی خدمات پرخراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔صدرِ مملکت عارف علوی نے اقبال ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برِصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، شاعر اور سیاسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ صدرِ پاکستان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی، قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور عقابی روح بیدار کرنے کا سبق دیا، ان کا فلسفۂ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج مجھ سمیت پوری قوم شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یومِ پیدائش بڑی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے نوجوانانِ برصغیر کو اپنے آباء و اجداد کی لازوال قربانیوں، ان کی دنیا کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات، ان کی عظمت، ترقی پسندیت اور ندرتِ فکر کی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا۔ نگراں وزیرِ اعظم نے مزید کہا ہے کہ اقبال نے امت کے نوجوانوں کو حوصلے، خود اعتمادی، بہادری اور درویشی کے باوصف شاہین سے تعبیر دی، اقبال نے پوری دنیا، بالخصوص بر صغیر، کے نوجوانوں کو مسلمانوں کے تابناک ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے علم و تحقیق، جدت اور انفرادی و معاشرتی ارتقاء کی منازل طے کرنے کی تلقین کی اور یوں دنیا کو تسخیر کر کے ستاروں پر کمند ڈالنے کا نیا جوش و ولولہ پیدا کیا۔اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم اقبال کے تصور کردہ پاکستان کے حصول کے لیے دن رات محنت کریں گے، مجھے اپنی قوم، بالخصوص نوجوانوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ اقبال کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔