لاہور (لیڈی رپورٹر ) یو ای ٹی لاہور میں پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) اور فنانشل ایڈ اینڈ کیریئر سروسز آفس کے تعاون سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد طلباء کو کیریئر کی ترقی کیلئے سی وی لکھنے، کمیونیکیشن سکلز اور شخصیت کی ترقی جیسی ضروری مہارتیں فراہم کرنا تھا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیرپروگرام کے مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف کیریئر ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ سہیل صدیقی نے بطور مہمان مقرر شرکت کی اور طلباء سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے انٹرویو کی تکنیک اور جاب مارکیٹ میں خود کو پیش کرنے کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے خود کو برانڈ بناکر پیش کرنے اور جاب انٹرویوز میں پائیدار تاثر قائم کرنے کیلئے عملی حکمت عملی فراہم کی۔ اپنے آپ کو مؤثر طریقے سے پیش کرنا آج کے مقابلہ جاتی دور میں نمایاں ہونے کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔