پاکستان سٹاک مارکیٹ 93,291 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ڈالر سستا، سونا مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر) کاروباری ہفتے کے آخری دن پاکستان سٹاک ایکس چینج نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا اور انڈیکس پہلی بار 93 ہزار کی سطح سے اوپر بندہوا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 101ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 119کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 54.48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 771.19 پوائنٹس یا 0.83 فیصد اضافے کے ساتھ 93,291.68 پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 255 پوائنٹس کے اضافے سے29ہزار 16پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 58ہزار 879پوائنٹس سے بڑھ کر 59 ہزار401 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ 1 کھرب 1 ارب 48 کروڑ 73 لاکھ 67 ہزار 551 روپے کے اضافے سے سرمائے کا مجموعی حجم 119کھرب 77ارب 59کروڑ 81لاکھ 44ہزار 691روپے ہو گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو30ارب روپے مالیت کے 76 کروڑ 32 لاکھ 55 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 24ارب روپے مالیت کے67 کروڑ 87 لاکھ 88ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں5پیسے کے کمی سے ڈالر کی قدر 277.95روپے رہی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر14پیسے گھٹ گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 278.74 روپے ہو گئی۔ یورو کی قدر 13پیسے بڑھ کر 299.90روپے ہو گئی۔ اسی طرح71پیسے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قدر 360.70روپے پر جا پہنچی۔ سعودی ریال کی قیمت خرید 6پیسے گھٹ کر 74.14روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 4پیسے کی کمی سے 75.97روپے ہو گئی۔ دوسری طرف  2 ہزار روپے کے اضافے سے فی تولہ سونا2 لاکھ 78ہزار 800 روپے پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت 1715 روپے کے اضافے سے2 لاکھ 39ہزار 26 روپے ہوگئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 21 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2683ڈالر پر پہنچ گیا۔

ای پیپر دی نیشن