رائیونڈ اجتماع: کشمیریوں، فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں، اللہ نے کامیابی دین میں رکھی ہے: مولانا اسماعیل

سندر (نامہ نگار) رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ میں جمعہ کے روز مقامی آبادی اور لاہور کے باسیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انظامات کیے گئے تھے۔ اختتامی دعا کل 10نومبر بروز اتوار کو ہوگی اور سالانہ تبلیغی اجتماع اختتام پذیر ہوجائے گا۔ پہلی نشت میں پاکستان سمیت فلسطین، کشمیر دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اللہ کے حضور خصوصی التجائیں کی گئیں۔ بعد نماز فجر مولانا عبدالرحمان نے فرمایا اس خیمہ بستی میں جمع ہونے والو میرے بھائیو، کبھی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو نا چھوڑنا، اگر چھوڑ دیا تو قیامت کے دن کوئی پرسان حال نہیں ہوگا، اللہ کے پیارے نبی رسول ﷺ کا ارشاد مبارک ہے کہ جب میری امت دنیا کی رنگینیوں میں گم ہو کر دنیا کو بڑی چیز سمجھنے لگے گی تو اسلام کی ہیبت و وقعت اس کے قلوب سے نکل جائے گی اور جب امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو چھوڑ بیٹھے گی تو وحی کی برکت سے محروم ہوجائے گی۔ جمعۃ المبارک کے خطبہ میں حضرت مولانا اسماعیل گودرہ نے پنڈال میں مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی مرکز خالص اللہ اور اس کے رسول کے احکامات سے روشناس کرانا اور تبلیغی اجتماع کا بنیادی مقصد امت کی فکر کا جائزہ لینا ہے، انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبر کے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، قبر ایک بہت سخت امتحان گاہ ہے، سرخرو ہونے کے لیئے دعوت تبلیغ دین سے جوڑنے، مخلوق سے خالق کی طرف، مال سے اعمال کی طرف اور دنیا سے آخرت کی طرف بلایا جا رہا ہے، دعوت اللہ تعلیم و تعظیم و ذکر و عبادت، اخلاق اور اسوہ حسنہ نبوی کے لیے ہر فرد امت سے عرض کی جا رہی ہے کہ اللہ پاک نے ہماری دونوں جہاں کی کامیابی پورے کے پورے دین میں رکھی ہے۔ مولانا فاروق نے اپنے خطاب کہا کہ احکام باری تعالی اور سنت نبوی کی پیروی کی تلقین، دعوت تبلیغ کا بنیادی مقصد ہے۔ نبی کریم ﷺ کی محنت اور لوگوں کو پکا سچا مسلمان بنانا اور دلوں میں اللہ کا دین نقش کرنا ہے اور دین کی دل میں طلب رکھنے والے اہل ایمان کو احکام باری تعالی سے آگاہی دینا ہے۔ مولانا احمد لاٹ نے فرمایا جس جوان نے اللہ کے راستے میں اپنی جوانی کو بوڑھا کیا (یعنی جوانی) سے بڑھاپے تک اللہ کے راستے کی جدوجہد کرتا رہا تو اس کے لئے یہ بڑھاپا قیامت کے دن نور ہوگا۔ نماز کی پابندی کرو اور اپنے اہل خانہ کو بھی پا پند بناؤ، اور دوسروں کو بھی تلقین کرو۔ اللہ تعالی توبہ کے عمل کو پسند کرتا ہے اور مسلمان کی توبہ کا منتظر ہے۔ دوسری جانب رائیونڈ میں اجتماع اور اس کے روٹس کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کیلئے سپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن