گورنر پنجاب سے فیصل کریم کنڈی کی ملاقات‘ سیاسی صورتحال‘ کے پی کے میں امن عامہ پر تبادلہ خیال

Nov 09, 2024

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہائوس لاہور میں گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ ملک کی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 26 ویں ترمیم کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کروں گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی بہتری اور امن و امان ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، مشترکہ چیلنجز اور تعاون کے کے حوالے سے رابطے بڑھائیں گے۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں چیف انسٹرکٹر نیپا اسلام آباد ڈاکٹر ثمرین زہرا کی قیادت میں 16 مختلف محکموں کے 36ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسروں نے ملاقات کی۔ سلیم حیدر نے کہا کہ سول سروس کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور بطور سول سرونٹس پبلک سروس آپ کی ترجیح ہونی چاہئے۔ بعدازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں تاجر رہنما عظمت شاہ کی قیادت میں لاہور کی تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو تاجر برادری کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیث رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں، گورنر پنجاب نے یوم اقبال کے موقع پر حکیم الامت علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا نوجوان علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھ کر اپنے اندر اعلی خصوصیات پیدا کریں۔ فیصل کریم کنڈی نے معروف روحانی شخصیت حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے دربار پر حاضری دی۔ انہوں نے دربار پر چادر چڑھائی، ملک کی ترقی، خوشحالی، خیبرپختونخوا میں قیام امن اور صدر زرداری کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اس موقع پر زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں اپنی غریب عوام کو سپورٹ کر رہی ہیں، مستحق افراد کی مالی مدد کیلئے صوبوں میں صحت مندانہ رجحان ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (پی ایس پی اے) کے دفتر کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئر پرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آرا وٹو، پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی سمیت اتھارٹی کے افسربھی موجود تھے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ امریکہ کی آنے والی حکومت کی یہ پالیسی ہو گی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا  بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے کوئی تعلق  ہے، پاکستان کا اپنا ایک عدالتی نظام ہے جس میں کسی  بیرونی شخصیت کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔

مزیدخبریں