سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے شمالی کشمیر میں دو کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج کی 22 راشٹریہ رائفلز اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ نے نوجوانوں کو جمعہ کے روز ضلع بارہ مولا میں سوپورکے علاقے سعدہ پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ دوسری جانب 24 گھنٹوں میں ایک میجر سمیت دو بھارتی فوجیوں نے خود کشی کر لی ہے ۔ جمعہ کوضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کے ایک افسر نے خودکشی کر لی ہے۔فوجی میجر نے ضلع کے علاقے ٹنگدارمیں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔ گزشتہ روز ضلع کٹھوعہ میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی ہے۔ بی ایس ایف کی159بٹالین کے اہلکار نے ضلع کے علاقے بوبیا میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی جبکہ ضلع کشتواڑ میں نامعلوم مسلح افراد نے ویلج ڈیفنس گروپ کے دوگارڈز کو قتل کردیا ہے ۔ قابض حکام نے میڈیا کو بتایاہے کہ یہ واقعہ کشتواڑ کے جنگلات میں پیش آیاہے ۔ نذیر احمد اور کلدیپ کمار نامی ویلج ڈیفنس گارڈز کی لاشیں کشتواڑ کے جنگلات سے ملی ہیں۔ ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر اسمبلی میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی بحالی سے متعلق قرارداد کی منظور ی کے ذریعے دنیاخصوصا بھارتی حکومت پر واضح کردیاگیاہے کہ کشمیری عوام کیا چاہتے ہیں۔ کشمیر اسمبلی میں بدھ کو ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں بھارتی حکومت پر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے آئینی طریقہ کار وضع کرنے پرزوردیاگیاہے۔