گجرات: مقدمہ قتل کا اشتہاری ملزم پولیس حراست میں قتل

Nov 09, 2024

گجرات (نامہ نگار) مقدمہ قتل کے اشتہاری کو کراچی سے گجرات لاتے پولیس حراست میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس اہلکار معمول کے مطابق محفوظ گجرات پولیس کے ترجمان کے مطابق نواحی گائوں میکن کا رہائشی ضمیر حسین ولد نوید اختر کھوکھر سعودی عرب سے وطن واپس آنے کیلئے کراچی ایئر پورٹ پر اترا تو ایف آئی اے پولیس نے اسے تھانہ دولت نگر گجرات کے سال 2021ء کے مقدمہ قتل میں اشتہاری ہونے کی بناء پر حراست میں لیکر گجرات پولیس کو اطلاع دیدی جس پر تھانہ دولت نگر کا اے ایس آئی ابرار بٹ ساتھی کانسٹیبل کے ہمراہ پولیس حکام سے اجازت کے بعد اسے کراچی ایئر پورٹ سے سیالکوٹ لے آیا جہاں سیالکوٹ ایئر پورٹ سے جونہی گجرات کی حدود میں داخل ہوئے تو دو کاروں میں سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں پولیس حراست کے دوران اشتہاری ضمیر حسین گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ حملہ آور پولیس کے مطابق فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او گجرات مستنصر باجوہ، ایس پی انویسٹی گیشن ریاض ناز موقع پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق حکام بالا کو شبہ ہے کہ ہلاک ہونے والے اشتہاری ضمیر حسین کی پاکستان آمد کی اطلاع اس کے خلاف 2021ء میں قتل کا مقدمہ درج کروانے والی مدعی پارٹی نے ہی تھانہ دولت نگر پولیس کو دی اور مقتول کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے تھانہ منتقل کرنے کیلئے پرائیویٹ گاڑی بمعہ ڈرائیور بھی مبینہ طور پر مدعی پارٹی نے فراہم کی۔ ابرار بٹ کو ساتھی کانسٹیبل سمیت حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ پرائیویٹ گاڑی لیجانے کی اجازت دینے والے ایس ایچ او سے بھی باز پُرس کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں