’’سونے کی شکایت کیوں کی‘‘ فاروق آباد میں ہیڈ کانسٹیبل کی انسپکٹر کو قتل کرکے خودکشی 

شیخوپورہ / فاروق آباد (نامہ نگارخصوصی/ نمائندہ خصوصی) فاروق آباد پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر فاروق آباد میں پولیس ٹریننگ سکول کے چیف سکیورٹی  افسر انسپکٹر کو اس کے ماتحت ہیڈ کانسٹیبل نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے کی شکایت کرنے کی رنجش پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور خود کو بھی وہیں گولی مار کر خود کشی کر لی۔ گزشتہ رات ہیڈ کانسٹیبل طاہر حسین کی ڈیوٹی ایس ایس پی آفس میں تھی جہاں چیف سکیورٹی افسر نے رات 2 بجے ڈیوٹی چیک کی تو دوران چیکنگ ہیڈ کانسٹیبل طاہر کو سوتا ہوا پایا، جس کی تحریری شکایت روزنامچے میں  محمد افضل نے درج کروا دی۔ اسی رنجش پر ہیڈ کانسٹیبل طاہر نے  صبح جب پی ٹی ٹریننگ کی تیاری کروانے سکیورٹی افسر افضل جا رہا تھا تو ہیڈ کانسٹیبل طاہر موٹر سائیکل پہ وہاں آیا اور فائرنگ رینج کے قریب افضل کو سرکاری رائفل سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقتول انسپکٹر افضل کا تعلق فیصل آباد اور خودکشی کرنے والے طاہر کا تعلق حافظ آباد سے تھا، دونوں ڈیپوٹیشن پہ پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد آئے تھے، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ پی ٹی ایس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی ایس میں پولیس ملازمین مبینہ طور پر کی جانے والی بیجا سختی سے بہت تنگ ہیں اور یہ واقعہ بھی اسی تناظر میں پیش آیا۔ اور ماحول کو سخت بنایا گیا ہے اور حوالداروں کو رائفل دے کے ڈیوٹی پہ لگایا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں پولیس ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن