مالاکنڈ: چیک پوسٹ پر اہلکار کی فائرنگ، 2 ساتھی جاں بحق ایک زخمی 

سخاکوٹ (نامہ نگار) ملاکنڈ لیویز فورس تھانہ شاہ حسین شہید درگئی کی حدود میں موسی مینہ چیک پوسٹ کے اندر ڈیوٹی پر موجود اپنے پیٹی بند نے فائرنگ کر کے حوالدار سمیت دو لیویز اہلکار قتل جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی اور مقتولین کی لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی پہنچایا گیا۔ ملزم فرار ہو گئے۔  مجروح لیویز  سپاہی عالم زیب خان نے مجروح حالت میں لیویز تھانہ درگئی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے لیویز کو بتایا کہ ہم شہید حوالدار فضل کریم خان، سپاہی ریاض احمد خان ساکنان ہیروشاہ حال ڈیوٹی ملاکنڈ لیویز فورس موسی مینہ درگئی کے ہمراہ حسب معمول رات کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اس دوران  موسی مینہ لیویز چیک پوسٹ سے تبدیل ہونے والے  لیویز سپاہی صدام حسین نے اپنے بھائی ضیاء اللہ خان کے ہمراہ ہم پر کلاشنکوف  سے فائرنگ  کی۔  ملزمان  کی فائرنگ سے حولدار فضل کریم خان اور سپاہی ریا ض احمد خان موقع پر جاں بحق جبکہ میں ان کی فائرنگ سے بائیں سائیڈ کے بازو پر گولی لگ کر زخمی ہو۔  رپورٹ کے دوران مجروح نے لیویز کو بتایا کہ ملزم /ملزمان لیویز سپاہی صدام حسین اور ان کے بھائی کسی نامعلوم دہشت گرد تنظیم کے ایما پر ہم پر بذریعہ کلاشنکوف فائرنگ کی ہوگی۔ لیویز تھانہ شاہ حسین شہید درگئی میں ملزمان کے خلاف  مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کی  گئی۔ علاقہ ہیروشاہ سمیت دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مشران اور مقتولین  کے ورثا نے صبح سویرے 6 بجے سے  لیویز اہلکاروں کے قتل پر نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کرکے  دونوں شہید لیویز اہلکاروں کی نعشیں مین جی ٹی روڈ پر ر کھ کر  4 گھنٹے تک مین شاہراہ ملاکنڈ روڈ درگئی بازار مین چوک کو بند رکھا۔  اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ /کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمن خان، ممبر صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز فورس سمیع اللہ باچا، اے سی درگئی محمد علی اور ملاکنڈ لیویز کے بھاری نفری پہنچی اور مذاکرات کئے۔  ملاکنڈ انتظامیہ اور علاقے کے مشران کے درمیان  مذاکرات کے بعد مین جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن