جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے ہم اقتدار میں آ کر ایسا نہیں کریں گے‘ شبلی فراز 

Nov 09, 2024

راولپنڈی(این این آئی)تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے ہم اقتدار میں آ کر ایسا نہیں کریں گے۔راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک نمائشی چیز بن چکی ہے، جو حالات ہیں یہ مارشل لاء  میں بھی نہیں دیکھے، لوگ آتے جاتے ہیں لیکن ہمارا نام لے کر قوانین بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم پر سختیاں ہیں لیکن یہ وقت بھی گزر جائے گا، جو لوگ انفرادی طور پر قانون سازی کر رہے ہیں ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ اس ملک کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے، منی بجٹ لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، حکومت امپورٹ ڈیوٹی مزید بڑھانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔پی ٹی ا?ئی رہنما نے کہا کہ ملک میں کاروبار بالکل نہیں ہے، لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں اور عدم استحکام کی کیفیت ہے، غیر ملکی کمپنیز بھی ملک چھوڑ کر جا رہی ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ یہ نااہل اور خود ساختہ حکومت ہے، ان سے کچھ کنٹرول نہیں ہو رہا، شارٹ فال بڑھ چکا ہے، حکومت سے 390 ارب روپے کا خسارہ بھی پورا نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین کی کوئی حیثیت نہیں ہے، غربت اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ٹیکس پر شارٹ فال بڑھ چکا ہے، عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل سیاسی ملاقاتیں نہیں کرائی گئیں، اڈیالہ روڈ کو بند کر کے لوگوں کو مشکلات میں ڈالا گیا، مقدمات جھوٹے ہیں، عدالت اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرائے۔

مزیدخبریں