کراچی (کامرس رپورٹر) اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات زر ارسال کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ اکتوبر 2024ء کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالر کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ کارکنوں کی ترسیلات زر کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر ماہ بہ ماہ اور سال بسال بنیاد پر بالترتیب 6.7 فیصد اور 23.9 فیصد بڑھ گئیں۔ مجموعی طور پر کارکنوں کی ترسیلات زر میں جولائی تا اکتوبر مالی سال 25ء کے دوران 11.8 ارب ڈالرکی آمد ہوئی جو جولائی تا اکتوبر مالی سال 24ء کے 8.8 ارب ڈالر کے مقابلے میں 34.7 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ اکتوبر 2024ء کے دوران ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (766.7 ملین ڈالر) ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے 620.9 ملین ڈالر ، برطانیہ سے 429.5 ملین ڈالر اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے 299.3 ملین ڈالر ترسیلات زر آئیں۔