موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے:  گورنر سٹیٹ بنک

Nov 09, 2024

کراچی (کامرس رپورٹر) گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا ہے کہ عالمی معیشت پائیداری کی جانب گامزن ہے، ہمیں بھی اپنے مالی شعبے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو اس تبدیلی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ 2022ء میں سیلاب سے پاکستان کو تقریباً 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا تھا۔ پیرس معاہدے کے مطابق پاکستان 2030ء تک ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں 15 فیصد کمی کے لیے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ’انفرا ضامن پاکستان‘ کے زیرِ اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  گورنر سٹیٹ بینک نے کہاکہ اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پاکستان نے اپنی توانائی کی تمام ضروریات کا 60 فیصد قابل تجدید ذرائع سے پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سٹیٹ بینک، عالمی بینک کے تعاون سے ایک جامع ماحول دوست اصول و قوانین کی تیاری پر کام کر رہا ہے تاکہ ایک معیاری فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک نے اپنے سٹرٹیجک پلان 2023-28ء میں بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو ایک اہم موضوع کے طور پر شامل کیا ہے۔

مزیدخبریں