اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی فرسٹ کمیٹی نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی چار قراردادیں منظور کر لیں ہیں۔ اقوام متحدہ کی فرسٹ کمیٹی نے پاکستان کی پیش کردہ علاقائی تخفیف اسلحہ کی قرارداد منظور کی۔ اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات پر قرارداد کو بھی منظور کیا گیا۔ پاکستان کی علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں پر قابو پانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ غیر جوہری ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی کیخلاف موثر بین الاقوامی اقدامات کی تکمیل کی قرارداد کو بھی منظور کیا گیا ہے۔
اہم کامیابی، اقوام متحدہ میں پاکستان کی پیش کردہ 4 قراردادیں منظور
Nov 09, 2024