تحریک انتشار این آر او کیلئے امن داؤ پر لگا رہی ہے: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار اپنے انتشار کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے، ان کا مقصد صرف این آر او کا حصول ہے، اس کیلئے ملکی امن داؤ پر لگا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پرائمری سکولوں کے اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں جبکہ صوبے کی قیادت صرف احتجاجی سیاست میں مصروف ہے۔ معیشت کو مستحکم کرنے کے بعد اب ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم 10 نومبر کو عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیراعظم کوپ 29 اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم کی ون ڈے میچ میں کامیابی حوصلہ افزا ہے، کپتان محمد رضوان نے وکٹ کے پیچھے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد اب آسٹریلیا کی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتنا مثبت اور حوصلہ افزا ہے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی، پوری قوم اور کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ریاض سمٹ میں مشرق وسطی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی، عرب ممالک اور مسلم ممالک کے سربراہان ریاض میں اکٹھے ہو رہے ہیں تاکہ یک زبان ہوکر غزہ اور فلسطین کے معاملے پر حکمت عملی بنائی جائے اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے اور اس حوالے سے کوئی حل نکالنے کے لئے سرتوڑ کوشش کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر فورم پر فلسطین کے معاملہ پر آواز بلند کی،  اقوام متحدہ کی جنرل  اسمبلی  میں وزیراعظم کی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا گیا،  وزیراعظم کوپ29 کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ فلسطین کے میڈیکل طلبا پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دو سو سے زائد میڈیکل سٹوڈنٹس پاکستان آ چکے ہیں، وزیراعظم نے ان سے ملاقات بھی کی ہے۔  وزیراعظم کی ہدایت پر  امدادی سامان غزہ بھجوایا گیا، اقوام عالم میں غزہ اور فلسطین کا معاملہ جس موثر طریقے سے اٹھایا گیا ہے یہ ہمارا فرض ہے۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، آذربائیجان ایسا ملک ہے جہاں پاکستانی جھنڈے لگے نظر آتے ہیں، وہاں کی عوام پاکستان کے بارے میں بڑے اچھے تاثرات رکھتی ہے۔ تحریک انتشار صرف این آر او کے لئے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے، کوئٹہ میں ان سے بندے اکٹھے نہیں ہوئے تو بہانہ بنایا جارہا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا قومی ایشوز اور امن و امان کی صورتحال پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کے لیڈر پر کرپشن کے کیسز ہیں، اس کا انہیں ہر سطح پر جواب دینا ہوگا۔  خیبر پختونخوا کے احتجاج کرنے والے اساتذہ کی بات سنی جانی چاہیے، ان کے مطالبات منظور کئے جانے چاہئیں، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے،  معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،  پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، یو اے ای کا وفد سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے، یو اے ای کے وفد کی وزیراعظم سے آج ملاقات ہوگی، وزیراعظم کی سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ ہے، دونوں طرف سے ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ عوامی مقامات پر بدتمیزی ، گالم گلوچ تحریک انتشار کے حامیوں  کا وطیرہ بن گیا ہے ، بدتمیزی کرنے کے بعد شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر معافیاں مانگ رہے ہیں۔ تحریک انتشار صوابی میں جلسہ کر رہی ہے، وہ اپنے صوبے میں اپنے آپ سے کیا مطالبہ کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ بار کے الیکشن کا نتیجہ26  ویں آئینی ترمیم پر مہر ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا ڈونلڈ ٹرمپ کی بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کال آئے گی۔ میرے سامنے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ پہلے ایبسلوٹلی ناٹ اور غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا گیا۔ اب کیا غلامی منظور کے نعرے لگائے جائیں گے۔ نواز شریف نے کال کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے۔ امریکہ سے کال آنے کی مضحکہ خیز باتیں کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی۔ میں عنقریب بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں دیکھ رہا۔ کوئی منی بجٹ نہیں آ رہا۔ بلاول بھٹو کو جوڈیشل کمشن پر اختلاف رائے تھا۔ ناراضگی نہیں تھی۔ یہ انوکھے لاڈلے ہیں جنہیں سزا نہیں ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن