لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+خبر نگار خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے)دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،حارث رؤف نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔پاکستان نے 26.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ صائم ایوب 71 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، شان ایبٹ کی جگہ فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا۔پاکستان کی ٹیم میں میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ تیسرا ایک روزہ میچ کل10 نومبر کو کھیلا جائیگا۔پاکستان ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں 28 سال بعد پہلا ون ڈے میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ اس گراؤنڈ میں مدمقابل آئیں تھی جہاں کینگروز نے 7 مرتبہ جیت حاصل کی تھی۔ایڈیلیڈ میں پاکستان نے 28 سال قبل 1996 واحد جیت حاصل کی تھی ۔وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک اور غیر معمولی میچ میں فتح پر مبارک ہو ‘ہم جانتے تھے کہ آپ یہ کر سکتے ہو۔ آسٹریلیا کیخلاف فتح پر اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں‘اپنے ملک کا نام روشن کرتے رہو۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ تمام کھلاڑیوںکو مبارک ہو‘فیلڈنگ‘بائولنگ ‘بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی ۔ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو اس کی سر زمین پر شکست دیکر قوم کے دل جیت لئے ہیں ۔ قوم کو خوشیاں دی ہیں ۔ کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہر ہ کیا۔ آئندہ بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرینگے ۔
پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں 28 سال بعد فتح، ون ڈے سیریز برابر
Nov 09, 2024