اسلام آباد (نوائے وقت رپرٹ) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹر کی 28ویں سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی نسٹ اسلام آباد میں ہوئی۔ اختتامی تقریب کی صدارت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی نے کی۔ کانفرنس نے قیام امن کیلئے ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں تربیت کے جدید طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے انضمام کو بڑھانے، امن کے قیام میں خواتین کی شرکت کو بااختیار بنانے اور معلومات تک رسائی کی اہمیت پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔ صدارت لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے کی۔ سیکرٹری دفاع نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ اختتامی سیشن میں شرکاء نے کانفرنس کی سفارشات اور تجاویز پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے تربیت کے جدید طریقہ کار، ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے پر زور دیا۔