اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے فلسفہ خودی پرعمل پیرا ہوکر ملکی معیشت کو مستحکم اور ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے دسمبر تا فروری تین ماہ کیلئے بجلی سہولت پیکیج کے تحت قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے7پیسے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبالؒ کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں عظیم شاعر کے فلسفے، انکی حضرت محمد ﷺ سے والہانہ محبت اور خودی کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انکا پیغام ابدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری ''نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر، تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں'' کے ذریعے نوجوانوں کو خود داری کا پیغام دیا، کیا وجہ ہے کہ ہم اس پیغام کو بھول گئے اور آج 77 سال بعد بھی پاکستان آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ ہم قرآن پاک، حضور اکرمﷺ کی تعلیمات اور اقبالؒ کے فرمودات بھول گئے، جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں وہ ہم سے آگے نکل گئیں۔ ہم نے وفاقی حکومت کے اخراجات کم کئے، گذشتہ سال مہنگائی کی شرح32 فیصد پر تھی جو آج کم ہوکر6.7 فیصد پر آ گئی ہے، بینکوں کے قرضوں پر شرح سود کم ہو کر15فیصد پرآ گئی ہے۔ پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ ہمیں اپنی قوم کی تقدیر بدلنی ہے جس طرح شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں پیغام دیا ہے کہ''افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا''، ہمیں اس پیغام کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔
اس موقع پر بجلی صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں تین مہینوں دسمبر، جنوری اور فروری میں صارفین کو بجلی سہولت پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ پیکیج دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ العمل ہو گا، اس پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے یونٹ ہو گا، مجموعی طور پر11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے فی یونٹ تک بچت ہو گی، صنعتوں کو مجموعی طور پر5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی، مجموعی طور پر 18 سے 37 فیصد تک بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی، کمرشل صارفین کیلئے 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی، مجموعی طور پر 34 سے 37 فیصد بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لاگت میں کمی سے پیداوار، صنعت، زراعت، کاروبار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، معیشت مزید مستحکم ہو گی۔ پاور ڈویڑن کے مطابق سہولت پیکیج کا اطلاق مالی سال 2022 کے مقابلے میں 20 فیصد، مالی سال 2023 کے مقابلے میں 30 فیصد مالی سال 2024 کے مقابلے میں 50 فیصد اضافی استعمال پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اس اقدام پر نائب وزیراعظم، وفاقی وزیر برائے پاور، ان کی ٹیم، وزیر خزانہ، وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری خزانہ، وزیر پٹرولیم، سیکرٹری پٹرولیم اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سمیت دیگر حکام کا شکرگزار ہوں، اس ضمن میں آئی ایم ایف کا بھی شکرگزار ہوں، امید ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے آخری پروگرام ہو گا، اس کے بعد ہمارا ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تین ماہ میں 8.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جس پر ان کا شکرگزار ہوں، ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہو گا کہ محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے۔ علاوہ ازیں علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور بلند پایہ شخصیت تھے۔ اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی علیحدہ شناخت کا ادراک دے کر ایک علیحدہ وطن کا خواب روشن کیا جس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ہم سب اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
اسلام آباد )خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ ( پاکستان اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان ریلوے، کسٹمز، ایئرپورٹ انفرا اسٹرکچر اور بحری امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے چار مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابوظہبی پورٹس کمپنی کے ساتھ معاہدے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ متحدہ عرب امارات کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزویدی، کاہیل گروپ کے چیئرمین احمد دلموک المکتوم اور ابوظہبی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن محمد الشمیسی نے کی۔اعلامیے کے مطابق کوہاٹ-تھر-کھرلاچی ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے پاکستان ریلویز اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،پاکستان کسٹمز میں اصلاحات کے لیے ایف بی آر اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، شپنگ اور دیگر بحری امور میں تعاون پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور ابو ظہبی پورٹس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ایئرپورٹس کی توسیع کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ابو ظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ، آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں، فائیو جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا حصول ممکن ہوگا ۔ ملاقات کرنے والے وی آن گروپ کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ، دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کے لئے فائیو جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، تاکہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کا حصول ممکن ہو سکے گا ، پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں جاز گروپ کا اہم کردار کر رہا ہے ۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔