لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رؤف آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رئوف نے 30 اکتوبر 2020ء کو ون ڈے ڈیبیو کیا ‘ انہوں نے 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ اس عرصے (حارث کے ڈیبیو سے اب تک) میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بائولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ صرف اومان کے بلال خان 83 وکٹوں کیساتھ حارث سے آگے ہیں۔اومان آئی سی سی میں ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم ہے۔ایڈیلیڈ میں 5 وکٹس لے کر انہوں نے سپنر ثقلین مشتاق اور فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑا جو اپنے ابتدائی 39 میچوں میں 76، 76 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔دنیا کے دیگر فاسٹ بائولرز میں آسٹریلیا کے فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے 39 میچز میں 79 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ اومان کے بلال خان کی بھی 39 میچز میں 83 وکٹیں ہیں۔نیپالی اسپنر سندیپ لمیچانے نے ابتدائی 39 ون ڈیز میں 93، افغانستان کے راشد خان نے 90 اور بھارت کے کلدیپ یادوو نے 77 وکٹیں حاصل کیں۔