لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں فتح کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے جیت پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ سب ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ ظاہر ہے کہ اس جیت سے ہمیں اعتماد ملا ہے۔ ہم اس اعتماد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ تمام باؤلرز نے منصوبے بنائے تھے اور وہ اچھے طریقے سے کام کر گئے۔سیریز کا تیسرا میچ بھی جیت کر ٹرافی اٹھانے کی کوشش کرینگے ۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ یہ دن ہمارے لئے اچھا نہیں تھا ۔امید تھی کہ ہم160رنز سے زیادہ بناسکتے تھے ۔ہمیں رنز زیادہ بنانے چاہئے تھے لیکن پاکستانی بائولرز نے اچھی بائولنگ کا مظاہر ہ کیا ۔ اٹیک کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے ۔ اب ہماری توجہ ریڈ بال سیریزپر ہے ۔ امید ہے تیسرا میچ جیت کر ٹیم سیریز جیتنے کی کوشش کریگی ۔ مین آف دی میچ حارث رئوف نے کہا کہ جیت پر بہت زیادہ خوش ہیں ۔ پاکستانی شائقین دنیا بھر میںکہیں بھی ہمیں دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آتے ہیں ۔ بگ بیش کے تجربہ نے بہت مدد کی ہے ۔میلبورن سٹارز کی جانب سے کافی کرکٹ کھیلی ہے ۔ یہاں کی کنڈیشنز کو اچھی طرح جانتا ہوں کہاں بائولنگ کرنی ہے ۔ امید ہے تیسرا میچ جیت کر سیریز بھی جیتنے کی کوشش کرینگے ۔ اوپنر صائم ایوب نے کہا کہ بائولر کوئی بھی ہو بال تو ہاتھ سے ہی کروارہا تھا، بس گیند کو دیکھنا ہے اور خود پر بھروسہ رکھ کر شاٹ کھیلنا ہے‘اور ایسے ہی شارٹ کھیلے۔پلان یہی تھا کہ نتائج کا نہیں سوچیں گے، مثبت انداز میں کھیلیں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم جیت گئی۔ہم نے مثبت ہونے کی منصوبہ بندی کی اور نتیجہ کے بارے میں نہیں سوچا ۔ فتح ہمیشہ آپ کو اعتماد دیتی ہے اور بحیثیت ٹیم ہم اپنی اقدار سے چمٹے رہنے اور مثبت رہنے کیلئے پرعزم ہیں۔سب کا ساتھ اچھا چل رہا ہے۔ ہم سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔