اسلام آ با د ( خصو صی ر پور ٹ )شاعر مشرق ، حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کی مناسبت سے چائنا میڈیا گروپ نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں مصورِ پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ جمعہ کے روز تقریب میں پاکستان ریسرچ سینٹر فار اے کمیونٹی وِد شیئرڈ فیوچر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اقبال کے کلام کا عملی اظہار چین میں دکھائی دیتا ہے۔ معروف اقبال شناس ڈاکٹر عبد الواجد نے اقبال کی بلند پایہ شاعری میں پِنہاں آفاقی پیغام کے ذریعے نوجوان نسل کو راہنمائی فراہم کی۔ چیئر مین ڈاکٹر حبیب الرحمن عاصم نے کہا کہ اقبال کی فکر بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود سے متعلق ہے، جس کی واضح جھلک دوست ملک چین میں دکھائی دیتی ہے جہاں انسان ہر شے سے زیادہ مقدم ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر ثنا اللہ نے تحت اللفظ جبکہ محمد وارث نے ترنم کے ساتھ کلامِ اقبال پیش کیا ۔ طلبا و طالبات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اختتام پر کتابی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، تاکہ نوجوان نسل کو مطالعہ کے ذریعے مشاہیر کی فکر اور چین پاکستان ادب، تاریخ اور ثقافت کے مشترکہ رنگوں سے روشناس کرایا جا سکے۔