اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا ھے کہ آج کے تیزی سے ترقی پذیر، اختراعات پر مبنی منظر نامے میں، کاروباری اداروں کو مسابقت برقرار رکھنے کے لیے تخلیقی سوچ اپنانا ھو گی۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ روایتی سوچ سے ہٹ کر نئے طریقہ کار کو تلاش کریں۔ صدر قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ جدت پسندی کو اپنانا کاروباری افراد کو اپنی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے قابل بناتا ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کا باعث بنے گا۔صدر قریشی نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس نے انہیں، سینئر نائب صدر، نائب صدر، اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد دینے کے لیے چیمبرکا دورہ کیا۔انہوں نے کمیونٹی ممبران کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک متحد پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، خاص طور پر جب کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)، اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی جیسے اہم اداروں سے مسائل حل کرانے ھوں۔صدر قریشی نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنے اراکین کے فائدے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو رھا ھے ۔ انہوں نے اسلام آباد گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن کے ممبران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آئی سی سی آئی میں شامل ہوں، کیونکہ یہ انہیں چیمبر کے اثر و رسوخ اور وسائل سے فائدہ اٹھانے اور ان کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے قابل بنائے گا۔