موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ،سردار شاہد لغاری 

Nov 09, 2024

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات، انسانیت کی خدمت کیلئے تعاون بڑھانے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش چیلنجز اور صحت عامہ کے مسائل کے حل سے متعلق گفتگو کی گئی۔اِس ملاقات میں سیکرٹری جنرل ہلال احمر عبیداللہ خان او ردیگر افسران بھی موجود تھے۔سردار شاہد احمد لغاری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو پہنچنے والے نقصانات اور ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔ سردار شاہد احمد لغاری نے پاکستان کو ہر کڑے وقت میں مدد دینے پر برطانیہ کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان بھر میں آفات سے متاثرہ گھرانوں کی بحالی اور ذرائع معاش کی فراہمی کیلئے برطانوی طویل المدت تعاون کو سراہتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سردار شاہد احمد لغاری کی دور اندیش قیادت میں ہلالِ احمر پاکستان کی انسانیت کیلئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اِس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ملکوں میں ساتویں نمبر پر ہے۔ ہلالِ احمر کی جانب سے مستقبل کیلئے اقدامات جس میں کلائمیٹ چینج یونٹ اور گرین آفس کا قیام شامل ہے کو قابل ِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے سردار شاہد احمد لغاری کی جانب سے ادارہ میں جدت لانے اور انسانیت کی خدمت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کو بھی سراہا۔ جین میریٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ہلال ِ احمر کی حکمت ِعملی اور اقدامات کی بھی تعریف کی۔ دونوں رہنماں نے برٹش ریڈکراس اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے مابین مائیگریشن اینڈ ڈسپلیسمنٹ، کیش اینڈ واچر اسسٹنس، ڈیزاسٹر سے پہلے کی تیاری اور خدشات وخطرات میں کمی لانے کے منصوبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں