اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)یونائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی)کے سیکرٹری جنرل و سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ا قبال نظریہ پاکستان کے خالق ہیں،ان کا خودی کا پیغام آج کے نوجوانوں تک پہنچانا ضروری ہے،ان کا پیغام یہ ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور پاکستان کو ایک مثالی ریاست بنانے کے لیے محنت کریں، وہ صرف ایک شاعر نہیں تھے، بلکہ ایک مفکر اور ایک رہنما تھے جنہوں نے ہمیں اپنی سوچ اور عمل سے منزل کی طرف رہنمائی فراہم کی،افواج پاکستان دنیا کی عظیم افواج ہیں،ان کی کامیابی میں بھی اقبال کا فلسفہ اور سوچ کارفرما ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ایٹ ون میں اقبال ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل کالج پروفیسر آسیہ رفیق ملک اور دیگر سٹاف بھی موجود تھا،ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں اقبال کے فلسفے کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق نے ہمیشہ تعلیم اور خصوصاً خواتین کی تعلیم پر زور دیا، اقبال نے یہ سمجھا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز اس کی خواتین کی تعلیم میں چھپا ہوا ہے، کیونکہ معاشرتی ترقی اور اصلاح میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے،اگر خواتین تعلیم یافتہ ہوں گی تو وہ نہ صرف اپنے خاندان کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھیں گی بلکہ پورے معاشرے کی ترقی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کریں گی۔ظفر بختاوری نے اقبال کی شاعری کے ذریعے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ انہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو اپنے مقصد کی طرف مائل کیا۔ اقبال کا پیغام نوجوان نسل کے لیے تھا کہ وہ اپنی سوچ کو بلند کریں، اپنی اقدار کو پہچانیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کی شاعری سے صرف جمالیات نہ سیکھیں بلکہ انکے فلسفے کو عملی زندگی میں اپنائیں۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا خواب اقبال کے افکار میں پوشیدہ ہے،انہوں نے کہا کہ ہم تب ہی ایک مضبوط اور مستحکم قوم بن سکتے ہیں جب ہم ان کے پیغام کو اپنائیں۔ آئیے، اس اقبال ڈے پر ہم یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو اقبال کے خواب کے مطابق ایک ترقی یافتہ، خودمختار اور باوقار ملک بنائیں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کریں گے۔