صائم ایوب نے آسٹریلیا کیخلاف وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور کے پاس بھی نہیں

 صائم ایوب آسٹریلین سرزمین پر کینگروز کیخلاف بطور پاکستانی اوپنر سب سے بڑی ون ڈے اننگز کھیلنے والے بیٹر بن گئے۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 137 رنز پر ہوا جب صائم ایوب 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ یہ کسی بھی پاکستانی اوپننگ بیٹر کی آسٹریلیا میں آسٹریلین ٹیم کیخلاف بہترین باری تھی، اس سے قبل محسن خان نے فروری 1985ء میں میلبورن میں 5 چوکوں کی مدد سے 109 گیندوں پر 81 رنز سکور کیے تھے۔قومی ٹیم کے مایہ ناز اوپنر سعید انور حیران کن طور پر اپنے کیریئر میں آسٹریلیا کیخلاف آسٹریلیا میں ایک بھی نصف سنچری سکور کرنے میں ناکام رہے تھے، ان کا آسٹریلوی سرزمین پر بہترین سکور 49 تھا جو انہوں نے جنوری 2000ء میں میلبورن میں بنایا تھا۔ واضح رہے کہ صائم ایوب کسی بھی فارمیٹ میں آسٹریلیا کیخلاف ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن