قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے 55 ون ڈے میچز میں زیادہ وکٹیں لینے کا ثقلین مشتاق کا 27 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ 24 سالہ شاہین آفریدی نے آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی اب تک 55 ون ڈے میچز میں 23.47 کی اوسط سے 109 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جو اتنے ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد کسی بھی پاکستانی بائولر کی جانب سے لی جانےوالی وکٹوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یہ ریکارڈ ثقلین مشتاق کے پاس تھا جنہوں نے 105 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 55 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ افغان لیگ سپنر راشد خان کے پاس ہے جنہوں نے 120 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نیپال کے سندیپ لامیچانے 116 وکٹیں لے کر اس فہرست میں دوسرے، شاہین آفریدی 109 شکار کرکے تیسرے، آسٹریلیا کے مچل سٹارک 107 وکٹوں کے ساتھ چوتھے جب کہ ثقلین مشتاق اور بنگلہ دیشی پیسر مستفیض الرحمان 105، 105 وکٹیں لے کر پانچویں نمبر پر ہیں۔