آئی سی سی نے پاکستان پر میچ فکسنگ کا بھارتی الزام مسترد کردیا ‘ سائمن ٹوفل کو بھی کلین چٹ مل گئی

Oct 09, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور+دبئی ( سپورٹس رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے جبکہ آسٹریلوی امپائر سائمن ٹوفل کو بھی کلین چٹ دیدی ہے۔ بھارتی میڈیا نے نیوزی لینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا تھا جبکہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن ڈاکٹر محمدعلی شاہ نے امپائرز پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے پاکستان کو سیمی فائنل سے باہر کرنے کیلئے میچ کو فکس کیا تھا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ نے بھارتی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بحث کرنا غیرضروری ہے اور اس سے صرف وقت ضائع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو سائمن ٹوفل پر پورا اعتماد ہے اور سائمن ٹوفل نے پوری ایمانداری کے ساتھ اس میچ کو سپروائز کیا۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم پر مبینہ طور پر میچ فکسنگ کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ثبوت کے اس طرح کے الزامات عائد کرنا سراسر زیادتی ہے۔ اعجاز بٹ نے قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کے بیان اور کپتان، کوچ، منیجر کی طلبی سے متعلق کہا کہ یہ ان کا حق ہے کہ وہ کرکٹرز اور آفیشلز کو بلائیں لیکن وہ پہلے بھی یہ درخواست کر چکے ہیں کہ جتنی تنقید کرنی ہے وہ بورڈ اور ان پر کی جائے تو اچھا ہے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ ممبر ڈاکٹر محمدعلی شاہ کے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان سے اس معاملے پر بات کی ہے لہٰذا انہوں نے محمدعلی شاہ سے جواب طلبی کی ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ بغیر کسی ثبوت کے انہوں نے میچ فکسنگ کے بارے میں الزام کیسے عائد کیا!
مزیدخبریں