وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یونیفیکیشن بلاک کے رہنما ڈاکٹرطاہرعلی جاوید کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے نجات حاصل کرنے کا یہ واحد طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی عدم موجودگی میں سینیٹ الیکشن کے دوران الیکٹرول کالج مکمل نہیں ہوسکے گا اور مجبوراً جنرل الیکشن کرانا پڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے لئے مشکلات کا باعث بن رہی ہے اور ملکی خودمختاری کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ عوام کو ایک مرتبہ پھراپنے نمائندے منتخب کرنے کا مینڈیٹ ملنا چاہئے۔ ڈاکٹرطاہرعلی جاوید نے کہا کہ یونیفیکیشن بلاک کے اڑتالیس اراکین مسلم لیگ نون کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ یہ تجویز ابھی باضابطہ طور پر مسلم لیگ نون کو نہیں دی گئی۔ دوسری طرف مسلم لیگ نون کے سینیٹرپرویزرشید کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی توڑنے کی تجویز صرف یونیفیکیشن بلاک کی طرف سے سامنے آئی ہے۔