لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں دہری شہریت اور جعلی ڈگریوں کے حامل بے نقاب ہونے سے ان اداروں کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہوگئی ہے، صدر آصف زرداری ضد اور ہٹ دھرمی ترک کر کے بلاتاخیر عام انتخابات کا اعلان کریں، اب یہ ناگزیر ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں اور آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابی عمل کا آغاز کردیا جائے ۔ عام انتخابات سے پہلے ضمنی انتخابات لاحاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے وزیرستان کی جانب مارچ کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن امریکی غلامی سے نجات اور ڈرون حملوں کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر پالیسی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے عمران خان کے مارچ کو روک کر جمہوریت کی نفی کی ہے۔