ضمنی انتخابات : کاغذات نامزدگی کے ساتھ دوہری شہریت نہ رکھنے کا حلف نامہ جمع کرانا بھی لازمی

لاہور+ گوجرانوالہ (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ کے حکم پر خالی ہونیوالی دوہری شہریت کے حامل ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ گذشتہ روز شروع ہو گیا۔ کاغذات نامزدگی آج بھی جمع کرائے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں سے پہلی مرتبہ ایک حلف نامہ بھی لیا جا رہا ہے جس میں ان سے یہ حلف لیا گیا کہ وہ دوہری شہریت کے حامل نہیں ہیں۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی وسیم قادر کی خالی ہونیوالی نشست پی پی 144 پر الیکشن لڑنے کے متمنی پانچ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آنے والے امیدواروں کے ساتھیوں نے امیدوار کے حق میں نعرے بازی کی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔ یہ کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن لاہور آفس میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنر شبر رضوی کو جمع کروائے گئے۔کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر زاہد ذوالفقار خان اور چار دیگر امیدوار مارکیٹ کمیٹی سنگھ پورہ ایڈمنسٹریٹر باﺅ چودھری اختر علی، سابق ناظم یونین کونسل غزالی سلیم بٹ، چودھری محمود حسین کمبوہ اور چودھری اعجاز شامل ہیں۔ زاہد ذوالفقار خان کاغذات جمع کرانے آئے تو انکے ساتھ پیپلز پارٹی کے رہنما عزیز الرحمن چن، غلام محی الدین دیوان، زکریا بٹ، زاہد شاہ، عارف نسیم کاشمیری، ظفر مسعود بھٹی و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے امیدوار باﺅ چودھری اختر علی نے کہا لیگی قیادت کو ٹکٹ جاری کرتے ہوئے ورکرز کی سنیارٹی مدنظر رکھنی چاہئے۔ پارٹی جسے ٹکٹ دیگی وہی الیکشن لڑیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے امیدوار غزالی سلیم بٹ نے کہا کہ انہوں نے اس حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ٹکٹ انہیں ہی ملے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پی پی 92 میں کسی نے کاغذات جمع نہ کرائے۔
لاہور ( خصوصی رپورٹر )پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ نے ضمنی انتخابات کے لئے مشترکہ امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ چھ میں سے چار حلقوں میں (ق) لیگ پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی جبکہ دو حلقوں میں پیپلز پارٹی (ق) لیگ کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کی قیادت نے تفصیلی مشاورت اور قیادت سے منظوری لینے کے بعد پنجاب کے ضمنی انتحابات کے لئے چھ حلقوں میں امیدواروں کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔ لاہور سے زاہد ذوالفقار، گوجرانوالہ سے لالہ اسد، سیالکوٹ میں راجہ عامر اور چیچہ وطنی سے چودھری زاہد اقبال مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ کھاریاں میں (ق) لیگ کے رحمن نصیر اور ساہیوال میں مسز اقبال لنگڑیال کی حمایت پیپلز پارٹی کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...