اسلام آباد (وقائع نگار) میڈیا میں چیف جسٹس اور عدلیہ کے خلاف بیان بازی رکوانے کے لئے ایک آئینی درخواست دائر کر دی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس اور عدلیہ کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آئے روز میڈیا میں الزام تراشی اور بیان بازی کو فی الفور رکوایا جائے، پیمرا کے قاعدہ 20 کے تحت عدلیہ کی تضحیک نہیں کی جا سکتی۔ درخواست اکرم شیخ ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں وزارت اطلاعات، پیمرا، وفاقی و صوبائی پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت وزارت اطلاعات اور پیمرا کو اخبارات اور ٹی وی چینلز میں عدلیہ مخالف بیان اور مواد رکوانے کا حکم دے اور پولیس کو چیف جسٹس اور عدلیہ کی توہین کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔