لاہور (خصوصی رپورٹر) صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں۔ وہ اپنے پیاروں اور گھر والوں سے دور رہ کر پاکستان کی عظیم خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بیرون ملک بسنے والے ہم وطنوں کا بہت بڑا حصہ اور اہم کردار ہے، انہوں نے ہر آڑے وقت اور مشکل حالات میں پاکستان کے لئے اپنا تن من دھن قربان کیا۔ ان خیالات کا اظہار میاں محمد نوازشریف نے اٹلی میں پارٹی کے اوورسیز کنونشن سے خطاب میں کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جس کے نتیجے میں آج پاکستان مہنگائی‘ غربت اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا شکار ہو چکا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو چیلنج کیا گیا تو ہم نے بے پناہ بیرونی دباﺅ کے باوجود پاکستان اور قوم کے مفاد میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو نہ صرف ناقابل تسخیر بنایا بلکہ دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت اور توقیر میں اضافہ کیا۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے گرین چینل کی سہولت کا قیام بھی ہماری حکومت کے کارناموں میں سے ایک تھا، ہماری حکومت پر شب خون نہ مارا جاتا تو میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حالات تشویشناک ضرور ہیں لیکن بیرون ملک پاکستانی اور پاکستانی عوام کو مایوس ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں۔ اس دفعہ عوام سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور ان قوتوں کو ووٹ نہ دیں جنہوں نے پاکستان کو اس حال تک پہنچایا ہے اور نہ ہی عوام تبدیلی کے خواب دکھانے والوں کے فریب اور جھانسے میں آئیں۔