کوئٹہ : ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ‘ فائرنگ ‘3 افراد جاں بحق ‘ خضدار میں ڈاکٹر قتل

Oct 09, 2012

کوئٹہ (بیورو رپورٹ +نوائے وقت نیوز + آئی این پی) کوئٹہ میں سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ 4 پولیس اہلکاروں اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 2 افراد مارے گئے۔ خضدار کی سول کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر دم توڑ گیا۔ پی ایم اے بلوچستان نے ڈاکٹر کے قتل کے خلاف 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن وزیر خان ناصر کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر اربن پلاننگ ڈویلپمنٹ کے دفتر کے قریب نامعلوم افراد نے سائیکل میں دھماکہ خیز نصب کر کے سڑک کے کنارے کھڑی کر رکھی تھی دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک شخص محمد عیسیٰ جاںبحق جبکہ 4 پولیس اہلکاروں اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے، دو بچوں جلال الدین اور محمد عیسیٰ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے سے اردگرد کی دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام اور فرنٹیئر کور کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کے بعد ڈبل روڈ پر واقع دکانیں بند ہو گئیں اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق نامعلوم افرا د نے سائیکل پر نصب بم کے ذریعے ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔ بم ڈسپوزل کے عملے کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور 6 سے 7 کلو گرام نٹ بولٹ استعمال کئے گئے ہیں۔ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کوئٹہ میر زبیر محمود نے کہا ہے کہ سائیکل پر نصب دھماکہ خیز مواد ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ کوئٹہ بم دھماکے کے واقعہ کی ذمہ داری یونائیٹڈ بلوچ آرمی نامی تنظیم نے قبول کر لی ہے۔ قمبرانی روڈ پر زاہد نامی شخص جبکہ موسیٰ کالونی میں ویلڈنگ کی دکان پر کام کرنے والے مزدور یٰسین کو نامعلوم افراد نے موت کی نیند سلا دیا۔ لواحقین نے ان واقعات کے خلاف سرینا چوک بلوچستان ہائیکورٹ کے سامنے نعشوں کو رکھ کر چیف جسٹس سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین ملزمان کی گرفتاری اور تحفظ کے لئے نعرے لگاتے رہے۔ ڈی آئی جی آپریشن وزیر خان ناصر اور ڈپٹی کمشنر ہاشم گلزئی کی یقین دہانی پر دو گھنٹے کے بعد دھرنا ختم ہوا۔ ادھر خضدار کی سول کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سول ہسپتال خضدار کے میڈیکل افسر ڈاکٹر دا¶د عزیز جاںبحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈ اکٹر دا¶د عزیز گھر سے کلینک جا رہے تھے۔ علاوہ ازیں بلوچ ڈاکٹر فورم کے مطابق بلوچستان میں تین دن تک آپریشن تھیٹر اور او پی ڈیز بند رہیں گے، آج سے تین دن کے لئے تمام ہسپتالوں میں ہڑتال ہو گی۔

مزیدخبریں