اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جناح ایونیو فائرنگ واقعہ میں ملوث ملزم سکندر کی بیوی اور شریک ملزمہ کنول کی ضمانت منظور کر لی۔ منگل کو جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل ڈویژن بنچ کے روبرو ملزمہ کنول کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ کنول سے اسلحہ برآمد ہوا اور نہ ہی اس کا واقعہ میں کوئی کردار ہے۔ اگر کسی نے حملہ کرنا ہو تو بیوی بچوں کو ساتھ نہیں لاتا۔ اس موقع پر سرکاری وکیل نے کہاکہ ویڈیو فوٹیج میں کنول کو ہتھیاروں کےساتھ دیکھا جاسکتا ہے، وہ اس واقعہ کی شریک ملزمہ ہے۔ فریقین کی جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور وقفے کے بعد عدالت نے 2 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے کے عوض ملزمہ کی ضمانت منظور کر لی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ملزمہ کنول جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھی اور مقامی عدالت نے اس کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔