کوٹلی (ایجنسیاں) پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نکیال محمد ایوب نے نجی ٹی وی کو بتایاکہ بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک خاتون زخمی ہوگئی ہے۔ بھارتی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج گزشتہ 2 ماہ میں متعدد مرتبہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرچکی ہے جس میں اب تک پاکستان کے کئی فوجی جوان اور شہری شہید ہوچکے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق 2 ماہ میں بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کے تین سو سے زائد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
نکیال سیکٹر: بھارتی فائرنگ سے خاتون زخمی ‘ پاک فوج کا بھرپور جواب ‘ دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں
Oct 09, 2013