لاہور (خبر نگار) پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغازگزشتہ روز ہو گیا۔ پی آئی اے کی جدہ سے لاہور کیلئے پہلی حج پرواز پی کے 3102 گذشتہ رات.30 11 بجے لاہور پہنچی۔ پہلی حج پرواز کو ڈائریکٹر ایئر پورٹ سروسز اعجاز مظہر، کنٹری مینیجر شہباز سینئر اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے جدہ حج ٹرمینل سے رخصت کیا۔ اسلام آباد اور کراچی کیلئے دوسری خصوصی حج پروازیں بھی گذشتہ رات کو پہنچیں ۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کی ایک ٹیم ڈائریکٹر ایئر پورٹ سروسز حج اعجاز مظہر اور ڈائریکٹر فلائٹ آپریشنز کیپٹن قاسم حیات کی سربراہی میں جدہ میں حجاج کرام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے حج ٹرمینل پر موجود ہے۔ پی آئی اے نے وطن واپس روانہ ہونے والے حجاج کرام کو مطلوبہ پرواز کے وقت سے 8 گھنٹے قبل جدہ حج ٹرمینل پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمان نے جدہ میں موجود پی آئی اے کی ٹیم کو حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔