عمران خان رسول اکرمؐ اور مقدس شخصیات سے متعلق گفتگو میں محتاط رویہ اپنائیں: طاہر اشرفی، زاہد قاسمی، محمد خان لغاری اور دیگر علماء

لاہور ( این این آئی) ملک کے تمام مکاتب فکر کی نمائندہ تنظیموں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رسول اکرم ﷺ اور مقدس شخصیات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محتاط رویہ اپنایا کریں، عید الاضحی کی شام انہوں نے توہین آمیز کلمے رسول اکرم ﷺ کے ساتھ منسوب کیے ہیں جس سے پورے عالم اسلام کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، انہیں ملت اسلامیہ سے معافی مانگنی چاہیے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا محمد خان لغاری، سنی اتحاد کونسل سواد اعظم کے پیر محفوظ مشہدی، انٹرنیشنل ختم نبوت کے مولانا قاری شبیر عثمانی، متحدہ شیعہ علماء کونسل کے مولانا کاظم رضا، علامہ افتخار حسین اور جمعیت علماء اسلام کے مولانا عزیز الرحمن نے مشترکہ بیان میں کہی۔ ان تمام رہنمائوں نے کہا کہ رسول اکرمؐ، خلفاء راشدین ؓ، اصحاب رسول ؓ اور اہل بیت ؓ مسلمانوں کے لیے مقدس ترین ہستیاں ہیں، کسی بھی فرد کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ خطابت کی روانی میں ایسے جملے ادا کرے جس سے ان مقدس شخصیات کی بے حرمتی ہو۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنی جان، مال، عزت و آبرو رسول اکرمﷺ اور اسلام کی مقدس شخصیات کی عزت و حرمت پر قربان کرنے کو تیار ہیں۔ اگر واقعی عمران خان خلافت راشدہ کا نظام لانا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے ساتھ کھڑے شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور دوسرے عوام دشمن لوگوں سے نجات حاصل کریں۔

ای پیپر دی نیشن