عید پر وارداتیں، شہریوں سے کروڑوں روپے اور سامان لوٹ لیا

Oct 09, 2014

لاہور (نامہ نگار) لاہور میں ڈاکوئوں اور چوروں نے عید  پر وارداتوں کے دوران شہریوں سے  کروڑوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے ڈیفنس کے عثمان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کرسے 12لاکھ روپے، باغبانپورہ انگوری سکیم مسجد النور کے سامنے ظفر کے گھر سے 10 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے منا واں میں گیریژن گارڈن کے قریب محمد ادیب اور اس کی فیملی سے 6لاکھ روپے ،کوٹ لکھپت اعوان چوک میں رضوان کی فیملی سے2 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے شاہدرہ بیگم کوٹ میں ایک جنرل سٹور سے 3لاکھ روپے اور موبائل فون، غازی آباد میں زوارکفیل کے جنرل سٹور سے 2لاکھ روپے کی نقدی اور کالنگ کارڈز، جنوبی چھائونی مانا نوالہ ہوٹل کے قریب عمر فاروق کے کریانہ سٹور سے ڈیڑھ لاکھ روپے، گلشن راوی میں ایک شادی ہال کے سامنے عمران سے1لاکھ روپے، گرین ٹائون میں شیخ شبیر احمد کے سٹور سے87 ہزار، چوہنگ میں نذیر احمد کی آئل ایجنسی سے74ہزار، موبائل، اقبال ٹائون جہانزیب بلاک میں نوید مختار سے 66 ہزار، موبائل فون، وحدت کالونی میںمحمد اسلم سے گھر کی  دہلیز پر 34ہزارروپے موبائل، ہربنس پورہ عامر ٹائون میں ایک ٹرسٹ سکول میں گھس کر شاہد سے4 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے اقبال ٹاون میں ڈاکٹر نعیم کے گھر سے 35لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان ، وحدت کالونی ابرار سنٹر میں واقع محمد عمران رائے کی دکان کے تالے توڑ کر ساڑھے 5 لاکھ روپے کے لیپ ٹاپ کمپیوٹر اور کیمرے ، نواب ٹائون میں محمد نفیس کے دفتر کے تالے توڑ کر 3 لاکھ 38 ہزار  کے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر چوری کر لئے۔ چوروں نے جنوبی چھائونی کیولری گرائونڈ سے کرنل (ر) منصور عرفانی، غالب مارکیٹ سے عمران، غالب مارکیٹ میں ایک بنک کے باہرسے پروفیسر نیئر بشیر ، سمن آباد مین روڈ سے ہمایوں بٹ، نواں کوٹ سے اکرم علی، ساندہ شام نگر سے حافظ محمد فصیح شاہد بٹ کی کاریں، ساندہ شام نگر سے محمد صدیق کا سکوٹر، کوٹ لکھپت جنرل ہسپتال سٹینڈ سے پرویز کلیم، اچھرہ جمشید سنٹر سے محبوب بھٹی، ہربنس پورہ میاں بلال کالونی سے حاجی محمد سلیم، شاہدرہ ٹائون سعید پارک سے سید ارشاد علی شاہ، راوی روڈ نیوسبزی منڈی سے محمد احمد، شفیق آباد قصور پورہ سٹاپ سے حاجی حامد پرویز بٹ، شفیق آباد بند روڈ سے نوید احمد، اسلام پورہ عثمان روڈ گلی نمبر 83 سے محمد عاشق، اسلام پورہ ہجویری آرکیڈ مین بند روڈ سے عثمان غنی، اسلام پورہ سے چوہدری افتخارالحق، اسلام پورہ پکوڑیاں والی گلی کرشن نگرسے آصف لیاقت، لوئرمال سے یوسف مسیح، شادباغ پیر رونقی دربار سے اویس بٹ کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق بچیکی نواحی گائوں ڈیمونوالہ کے محنت کش ظفر اقبال کے تین بکرے دو ماہ قبل بوٹی گھگ نے چوری کر لئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ بڑا گھر میں درج ہو ا تھا عید کی رات کو بوٹی گھگ اپنے دس کے قریب مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ڈیموانوالہ آیا اور مدعی مقدمہ کے گھر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی آواز سن کے دیہاتی اکٹھے ہو گئے جس کے بعد دیہاتیوں اور ڈاکوئوں کے درمیان دو گھنٹے مسلسل فائرنگ ہوتی رہی۔ رانا سرور دیہاتی کی گائے ہلاک جبکہ افتخار احمد  دیہاتی شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ مشتعل دیہاتیوں نے اطلاع کے باوجود بروقت نہ پہنچنے پر لاہور جڑانوالہ روڈ بلا ک کر کے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا، ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا۔ انچارج پولیس چوکی بچیکی فیروز احمد بھٹی کے مطابق پولیس نے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب بوٹی گھگ کے بھائی جہانگیر سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ 

مزیدخبریں