گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی نے نماز عید گجرات جامع مسجد نت ہائوس میں ادا کی جہاں انہوں نے لیگی کارکنوں اور وفود سے عید ملی اور ملاقاتیں کیں۔ نماز کی ادائیگی کے بعد چودھری برادران نے اجتماعی قربانی کا گوشت کٹھالہ کے مقام پر2500 سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا۔ اس دوران میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اجتماع اُس وقت تک رہے گا جب تک ہر گھر اور گلی محلے میں دھرنا منتقل نہیں ہو جاتا۔ اسلام آباد کے دھرنوں سے عوام میں شعور بیدار اور قربانی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اب کچھ نہ کچھ ضرور ہو گا۔ لانگ، شارٹ ٹرم کی صورت میں تبدیلی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی مہنگی کر کے ظلم کما رہے ہیں۔ عوام کہاں سے بھاری بل ادا کریں۔ 2010ء کے سیلاب کے چیک ابھی تک کیش نہیں ہوئے تو حالیہ سیلاب کے چیک کیسے کیش ہو سکتے ہیں بیوائیں چیک لے لے کر پھر رہی ہیں ایک ہزار ارب کا صوبے کو شہباز شریف نے مقروض کر کے رکھ دیا ہے۔