داعش کیساتھ وفاداری کا اعلان نہیں کیا،پاکستانی طالبان کی دنیا بھر کے عسکریت پسندوں کو ملاعمر کی قیادت میں جہاد جاری رکھنے کی دعوت

Oct 09, 2014

پشاور (این این آئی) پاکستانی طالبان کے سربراہ مولوی فضل اللہ نے کہا ہے اسکے گروپ نے شام اور عراق میں اسلامی ریاست یا داعش کے ساتھ وفاداری کا اعلان نہیں کیا اور پاکستانی طالبان اب بھی افغان طالبان کے سربراہ ملا محمد عمرکی بیعت میں ہیں۔ عید کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیاکے تمام عسکریت پسندوں کو یہ دعوت دیتا ہوں کہ وہ ملا عمرکی قیادت میں عالمی کفر کے خلاف جہاد جاری رکھیں، پاکستانی طالبان جہادی فرنٹ پاکستانی جمہوری نظام کے خلاف کھڑا ہے، طالبان ملا عمر کی ہدایت پر کسی بھی گروپ کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں، ہم اپنے مجاہدین شام، عراق اور یمن یا دنیا میں کسی بھی محاذ پر بھیجنے کیلئے تیار ہیں، میڈیا پر جو خبر چل رہی ہے اس کے حوالے سے یہ واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ یقینا ہم دنیا کے ہر خطے کے عسکریت پسندوں کے ساتھ محبت اور ہمدری رکھتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ کفر کیخلاف سب ایک صف میں کھڑے ہوکر جہاد کریں اور میں ان سب کو بھی وحدت شرعی کی دعوت دیتا ہوں۔ میڈیا والے اپنے صحافتی اقدارکا احترام کریں اور ایک غیر جانبدار کردار ادا کریں۔ دریں اثناء ایک بیان میں تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا تحریک طالبان ایک عسکری و نظریاتی جماعت ہے، ہم اپنے تمام امور میں قرآن و سنت سے مکمل رہنمائی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ملا عمر ہمارے شرعی امیر ہیں اور ہم انکی مکمل اطاعت کرتے ہیں، عید الاضحی کے مبارک موقع اپنے اسی واضح اور صاف ستھرے موقف کا اظہارکیا تھا جس کو بعض اداروں نے دانستہ طور پر متنازع بنانے کی کوشش کی جن میں برطانوی نیوز ایجنسی رائٹر اور فرانسیسی خبررساں ادارہ اے ایف پی نمایاں ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ انہوں نے ایسا کرکے صحافتی اصولوں کو پامال کیا ہے۔

مزیدخبریں